EducationForwardSociety

حیوانیات کی تدریس کا نظریاتی پہلو از مسلم سجاد

انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز میں تعلیمی شعبہ میں مطالعات کا جو منصوبہ زیر ِعمل ہے اس کا ایک اہم حصہ نصابیات سے متعلق ہے۔ موجودہ تعلیمی پالیسی نے اپنے پروگرام می نصابیات کی تشکیلِ نو کو سر فہرست رکھتا ہے۔ اس کی اہمیّت کا تقاضا بھی یہی ہے کہ اسے سر فہرست رکھا جائے ۔ مارچ ۱۹۸۱ءمیں ڈھاکہ میں جو عالمی تعلیمی کانفرنس منعقد ہوئی ہے اس کا مرکزی موضوع بھی نصابات کی تشکیل نو اور اس کے مطابق درسی کتب کی تیاری تھا ۔

مسلم دنیا میں بالخصوص پاکستان میں، یہ احساس اجاگر ہو گیاہے کہ مُعاشرہ کو اسلامی خطوط پر استوار کرنے کا عمل نظامِ تعلیم میں بنیادی تبدیلیو ں کے بغیر ممکن نہیں۔ یکے بعد دیگرے تین عالمی تعلیمی کانفرنسیں اور جکارتا کی مجوزہ چوتھی کا نفرنس اسی احساس کا مظہر ہیں۔ تعلیم کی اسلامی تشکیل نو کے خطوط کار واضح ہوتے جا رہے ہیں، اور اب  یہ  مسلما ن قوموں اور ان کی حکومتوں کا فریضہ ہے کہ ان کے مطابق اپنے اپنے ملک میں تعلیم کی صورت گری کریں ۔ نقشہ کار میں بجا طور پر بنیادی اہمیت اس امر کو حاصل ہے کہ موجود ہ تمام علوم کو مغرب کی بے خُدا تہذیب کے بجائے اسلامی نظریہ اور تہذیب و ثقافت کی روشنی میں از سرِ نو مدوّن کیا جائے ۔

 تب ہی یہ توقع کی جاسکتی ہے کہ   مسلم امت کی نئی نسل دولتِ ایمان سے مالامال ہو اور وقت کے تقاضوں کو بھر پور انداز میں پورا کر سکے۔ اس کام کو انجام دینے کے لئے ہر کوئی اپنے مقدور بھر منصوبے بنا رہا ہے۔ اور بڑے بڑے وعدے کئے جارہے ہیں۔ انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز ان سب کی کا میابی کا  متمنی ہے۔ البتہ اپنی حد تک اپنے نہایت محدود مالی اور انسانی وسائل کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک واضح پروگرام کے تحت تعلیم کی اسلامی تشکیل نو سے متعلق بیس سے زیادہ علمی موضوعات پر کام کر رہا ہے۔ مجھے بڑی خوشی ہے، کہ ہم سائنس کے ایک شعبہ کے بارے میں ایک نہایت مفید اور روشن نظر مقالہ پیش کر رہے ہیں ۔ہمارے عزیز بھائی اور رفیق پر و فیسر مسلم سجاد ( ایم ایس سی حیوانات) کا یہ مقالہ اس سوال کا جواب ہے کہ جدید علم حیوانات کو مسلم طلبہ کو اسلامی نقطہ نظر سے کس انداز سے پڑھایا جائے ۔ اس موقع پر جبکہ ہمارے ملک میں مختلف سرکاری ادارے اسلامی نظریہ حیات کی روشنی میں نصابات کی تشکیلِ نو کے عمل میں مصروف ہیں۔ یہ مقالہ سوچنے کے  لئے کچھ نئی راہیں سجھاتا ہے اور کم از کم ایک علم کے بارے میں ایک واضح راستہ دکھاتا ہے۔

 پروفیسر مسلم سجاد علم حیوانیات کے استاد ہیں اور گذشتہ بیس سال سے یہ مضمون پڑھا رہے ہیں حیوانیات میں ایم ایس سی کے علاوہ اسلامیات میں بھی ایم اے ہیں۔ انگریزی اور اردو ہر دو زبانوں میں مختلف سائنسی اور اسلامی موضوعات پر لکھتے رہے ہیں۔ مجھے بڑی مسرت ہے کہ ادارہ ان کا یہ فکر انگیز اور راہ کشا مقالہ پیش کر رہا ہے۔ مجھے امید ہے کہ نہ صرف ماہرین حیوانیات بلکہ سائنس کے تمام طالب علم اس مقالہ کو توجہ سے پڑھیں گے۔ ان شاءاللہ ہم جلد ہی کیمیا، طبیعات اور ریاضی کے بارے میں بھی ماہرین کے اسی نقطہ نظر سے لکھے گئے  مقالے پیش کریں گے۔

خور شید احمد

۱۸ جمادی الاول ۱۴۰۲ ھ/۲ مارچ ۱۹۸۶ء

انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈ یز اسلام آباد

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button
Translate »