
پیش لفظ
انسٹی ٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز مختلف دائروں میں سرکاری پالیسیوں کے مطالعوں کا انتظام کرتا ہے تاکہ حکومت اور قوم کی اسلامی نقطہ نظر سے ر ہنما ئی ہو سکے۔ اسی سلسلے میں ہم نے رواں قومی تعلیمی پالیسی کا اور اس کی دو سالہ تنفیذ کا جا ئز ہ لیا ہے اور اس طرح کوشش کی ہے کہ ایک طرف ملک میں تعلیم کے ارباب بست و کشاد کے غور و فکر کیلئے مواد مہیا ہو اور دوسری طرف قوم کو بھی معلوم ہو کہ اجتماعی زندگی کے اس اہم دائرہ میں سرکاری پالیسی کی صورتحال کیا ہے ۔
ہماری نظرمیں یہ ایک انتہائی مفید عمل ہے۔ یہ خود حکومت کی ضرورت ہے کہ اسے باہر سے بتایا جائے کہ اسکی پالیسی اور اسکی تنفیذ کی حقیقی صورت کیا ہے۔ حکومت کے اپنے کل پرزےاس نظام کا جزو ہونے کی وجہ سے بالعموم صحیح اور مکمل جائزہ نہیں لے سکتے۔ بد قسمتی سے ہمارے ملک میں اب تک ایسی روایت نہیں ہے اور نہ ایسے ا دا رے ہیں جہاں سرکاری پالیسیوں پر آ زادا نہ فضامیں کھلی بحث ہو۔ اس انسٹی ٹیوٹ نے پاکستان میں اس روایت کا آغا زکیا ہے جو یقین ہے کہ مفید نتائج کی حامل ہوگی۔ تعلیم کی اسلامی تشکیل کی اہمیت محتاج بیان نہیں ۔ آزادی کے ذریعہ پاکستانی قوم نے جن مقاصد کے حصول کے لئے جدو جہد کا آغاز کیا تھاوہ ابھی حاصل نہیں ہوئے ہیں۔ بہر حال اب منزل متعین ہے منزل کی سمت ہمارا اسفر اسی صورت میں جاری رہ سکتا ہے کہ ہماری نئی نسل کو منزل کا شعور ہو۔ نئی نسل میں اس شعور کو پیدا کرنے کا مؤثر ذریعہ ملک نظام تعلیم و تربیت ہی ہے۔ اس ذریعہ کو حقیقی معنوں میں مؤثر کرنے کے لئے جو کوششیں کی جا رہی ہیں وہ صرف اسی صورت میں نتیجہ خیز ہوسکتی ہیں کہ مسلسل مطالعہ اور بحث و مباحثہ کے ذریعے ان کوششوں کا جائزہ لیا جاتا رہے ، ہماری یہ کوشش اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔
یہ ایک ابتدائی مطالعہ ہے ہیں امید ہے کہ اسے توجہ اور دلچسپی سے پڑھا جائے گا اور پڑھنے والوں کی آراء کی روشنی میں مطالعہ کا یہ مسلسل عمل جاری رہے گا ۔ میں پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمن صدیقی اور جناب احمد انس کا مشکور ہوں جن کی محنت کے نتیجے میں یہ مطالعہ آپ کے سامنے آرہا ہے ۔
پروفیسر خورشید احمد



